بالی ووڈ کے معروف اداکارہ سنیل شیٹی نے ٹماٹروں کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متعلق بیان دینے کے بعد معافی مانگ لی۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار سنیل شیٹی کا کہنا ہے کہ میں کسانوں کو سپورٹ کرتا ہوں میرا ان سے متعلق کوئی منفی زاویہ نہیں ہے، میں نے تو ہمیشہ کسانوں کی سپورٹ میں کام کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ ہم لوگ کسانوں اور دیسی اشیا کو فروغ دیں۔
سنیل شیٹی نے کہا کہ اگر میرے بیان سے کسی کی دل آزاری ہوئی ہے تو میں اس کی معافی مانگتا ہوں، میں کسانوں کے خلاف ایک لفظ بھی نہیں بول سکتا۔
واضح رہے کہ اس سے قبل سنیل شیٹی نے ٹماٹر کی بڑھتی قیمتوں پر ناراضی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ٹماٹر کی قیمت آسمان کو چھو رہی ہے اس لیے میں آج کل کم ٹماٹر کھاتا ہوں۔
اداکار نے کہا تھا کہ لوگ سوچتے ہوں گے کہ میں سُپر اسٹار ہوں اس لیے یہ چیزیں مجھ پر اثر انداز نہیں ہوتی ہوں گی، تو یہ سچ نہیں ہے ہمیں بھی ایسے مسائل کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ میں زیادہ تر سبزیاں موبائل ایپ سے منگواتا ہوں، آپ حیران ہوں گے کہ وہاں سبزیوں کی قیمتیں مارکیٹ سے کم ہیں۔
سنیل شیٹی کے مذکورہ بیان کو کسان مخالف تصور کرتے ہوئے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا گیا جس کے بعد اب انہوں نے اسکی وضاحت جاری کی۔