اگر محنت کا جذبہ جوان اور خود کمانے کی لگن موجود ہو تو بڑھتی عمر بھی انسان کا کچھ نہیں بگاڑ سکتی، اسی کی تازہ مثال مصر کی 89 سالہ خاتون ہیں جو سبزی بیچ کر گزارہ کرتی ہیں۔
مصر کی اس باہمت خاتون کا نام حجہ عزیزہ ہے اور مقامی لوگ انھیں اتنی عمر ہونے کے باوجود سڑکوں اور گلیوں میں سبزیاں بیچتا دیکھ کر ان کی ہمت کی داد دیتے ہیں۔
عمر رسیدہ خاتون کہتی ہیں کہ وہ صبح 5 بجے اٹھ کر نماز پڑھتی ہوں، جس کے بعد وہ روزی روٹی کمانے نکل کھڑی ہوتی ہیں، سب سے پہلے وہ سبزیاں خریدنے کے لیے ہول سیلر کے پاس جاتی ہیں جب کہ گزرے 65 سالوں میں وہ ایسا ہی کرتی آئی ہیں۔
ان کی تصاویر سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہیں اور صارفین ان کی ہمت اور محنت کے جذبے کی تعریف کررہے ہیں، کچھ لوگوں نے ان کے رزق میں برکت کی دعا بھی کی۔