پاکستانی کھلاڑیوں نے ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 گولڈ میڈل، ایک سلور میڈل اپنے نام کرلیا، ٹیم جنوبی افریقہ سے وطن واپس پہنچ گئی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان انڈر 21 ٹینٹ پیگنگ ٹیم جنوبی افریقہ میں چیمپئن شپ میں شرکت کے بعد وطن واپس پہنچ گئی، پاکستانی کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھاتے ہوئے 7 گولڈ میڈل اور ایک سلور میڈل حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔
پاکستان رینجرز (پنجاب) کے تعاون سے کھلاڑیوں نے بین الاقوامی سطح پر ٹینٹ پیگنگ چیمپئن شپ میں شرکت کی، چیمپئن شپ میں پاکستان کا مقابلہ میزبان جنوبی افریقہ اور مصر کی ٹیموں سے تھا۔
چیمپئن شپ میں 4 مرد اور ایک خاتون کھلاڑی پر مشتمل پاکستانی نیزہ بازوں کے دستے نے حصہ لیا، میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کھلاڑیوں کا کہنا تھا کہ ہم پنجاب رینجرز کے انتہائی مشکور ہیں جنھوں نے اچھی تیاری کروائی۔
کھلاڑیوں نے کہا کہ پنجاب رینجرزنے جانے سے پہلے ٹریننگ کیمپ کا انعقاد کیا تھا، ہماری ٹیم ملک کا نام روشن کرنے میں کامیاب ہوئی ہے۔
واضح رہے کہ ایکوسٹرین فیڈریشن آف پاکستان، پنجاب رینجرز کے زیرِانتظام ٹینٹ پیکنگ کے کھیل کو ترغیب دے رہی ہے۔