’امید ہے یہ روسی مکھی نہیں ہوگی‘

یوکرینی وزیر خارجہ ڈیمیٹرو کولیبا کو گزشتہ روز پریس کانفرنس کے دوران بار بار مکھی نے تنگ کیا جس سے زچ آکر انہوں نے ازراہ مذاق کہا کہ امید ہے یہ مکھی روسی نہیں ہوگی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق یوکرینی وزیر خارجہ ڈیمیٹرو کولیبا جو پاکستان کے دورے پر آئے ہیں گزشتہ روز اسلام آباد میں دفتر خارجہ میں پاکستانی ہم منصب بلاول بھٹو کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس دوران ایک مکھی بار بار اڑ کر ان کے چہرے کے قریب آتی رہی جس کو وہ بار بار بھگانے کی کوشش کرتے رہے۔

مکھی تنگ کرنے سے باز نہ آئی تو اس سے زچ ہوکر انہوں نے دوران پریس کانفرنس ازراہ تنفن کہا کہ ’’امید ہے کہ یہ مکھھی روسی نہیں ہوگی‘‘۔

یوکرینی وزیر خارجہ پاکستانی کھانوں کے شوقین بھی نکلے اور پریس کانفرنس کے دوران جہاں انہوں نے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات اور عالمی صورتحال پر گفتگو کی وہیں پاکستانی کھانوں کی تعریف کیے بغیر بھی نہ رہ سکے۔

ڈیمیٹرو کولیبا نے کہا کہ میرے یہاں آنے کی وجوہات میں سے ایک یہ بھی ہے کہ میں پاکستانی کھانوں سے لطف اندوز ہوتا ہوں اور خاص طور پر یہاں کا میٹھا بہت پسند ہے۔