چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف مقدمات میں کارروائی سے روکنے کا حکم واپس

چیئرمین پی ٹی آئی

لاہور : لاہور ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف مقدمات میں تادیبی کارروائی سے روکنے کا حکم واپس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں چیئرمین پی ٹی آئی کے پنجاب کے کیسز یکجا کرنے اور کارروائی روکنے کی درخواست پر سماعت ہوئی۔

جسٹس عالیہ نیلم نے چیرمین تحریک انصاف کی درخواست پر سماعت کی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل انتظار حسین پنجوتھہ ایڈووکیٹ نے استفسار کیا کہ سینئر وکیل دستیاب نہیں مہلت دی جائے، عدالت تادیبی کاروائی سے روکنے کا حکم واپس نہ لے۔

سرکاری وکیل نے کہا کہ مقدمات کے چالان کے حوالے سے رپورٹس تیار کر لی گئی ہیں ، جس پر عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کو مقدمات میں تادیبی کاروائی سے روکنے کا حکم واپس لے لیا ہے ور درخواست کی مزید سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی۔

درخواست میں حکومت سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے جبکہ درخواست میں صوبے میں چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف کیسز یکجا کرنے اور چیئرمین پی ٹی آئی کیخلاف کیسز میں تادیبی کارروائی سے روکنے کی استدعا کی گئی۔