ویرات کوہلی نے 76ویں سنچری جڑ دی

ویرات کوہلی

بھارتی ٹیم کے مایہ ناز بیٹر ویرات کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف میچ میں ٹیسٹ کرکٹ کی 29ویں اور انٹرنیشنل کرکٹ کی 76ویں سنچری بنا ڈالی۔

پورٹ آف اسپین میں جاری دوسرے ٹیسٹ میچ کے دوسرے سیشن میں بھارت نے پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 337 رنز بنالیے ہیں۔

ویرات کوہلی نے ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار سنچری اسکور کی، وہ 119 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود ہیں۔ کوہلی نے ٹیسٹ کرکٹ کی 29ویں سنچری اسکور کی ہے جبکہ انٹرنیشنل کرکٹ میں یہ ان کی 76ویں سنچری ہے۔

واضح رہے کہ بھارت کی جانب سے ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے زیادہ 51 سنچریاں سچن ٹنڈولکر کی ہیں، راہول ڈریوڈ 36 سنچریوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر موجود ہیں جبکہ سنیل گواسکر نے 34 سنچریاں اسکور کی ہیں۔

ویرات کوہلی 29 سنچریوں کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہیں، وریندر سہواگ نے 23 اور محمد اظہر الدین نے 22 سنچریاں بنا رکھی ہیں۔

یاد رہے کہ بھارت کو ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے۔