یوٹیوب پر لائیک اور سبسکرائب کرنا خاتون کو مہنگا پڑ گیا

یوٹیوب پر لائیک اور سبسکرائب کرنا خاتون کو مہنگا پڑ گیا

بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر نوائیڈا سے تعلق رکھنے والی خاتون کو یوٹیوب پر ویڈیوز کو لائیک اور چینلز کو سبسکرائب کرنے سے لاکھوں روپے کا نقصان ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق انٹرنیٹ پر خاتون دھوکے بازوں کے جال میں پھنس گئیں۔ انہیں واٹس ایپ کے ذریعے ایک نوکری کی پیشکش کی گئی جس میں یوٹیوب پر ویڈیوز کو دیکھنا، انہیں لائیک کرنا اور چینلز کو سبسکرائب کرنا شامل تھا۔

دھوکے بازوں نے انہیں اس کام کیلیے یومیہ 50 روپے سے 5 ہزار روپے تک کی پشکش کی جس خاتون نے قبول کرلیا۔ ابتدا میں خاتون کے اکاؤنٹ میں 150 روپے بھیجے گئے۔

جیسے جیسے خاتون کی دلچسپی بڑھتی گئی ملزمان نے انہیں سرمایہ کاری کی پیشکش کر دی جس پر خاتون مان گئیں۔ شروع میں متاثرہ خاتون نے 2 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی جس کے بدلے میں انہیں 3 ہزار روپے سے زائد کی رقم واپس ملی۔

آگے چل کر خاتون نے 5 ہزار، 30 ہزار اور پھر 90 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی لیکن ملزمان نے کہا انہوں نے ایک ٹاسک میں غلطی کر دی ہے۔

دھوکے بازوں نے مزید دو ٹاسک سونپ دیے جس کیلیے خاتون نے 3 لاکھ 81 ہزار روپے کی سرمایہ کاری کی۔ بعد ازاں خاتون کو علم ہوا کہ ان کے ساتھ دھوکا ہوا ہے۔

متاثرہ خاتون نے پولیس میں نامعلوم ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کروا دیا۔ پولیس اب تک ملزمان کا سراغ لگانے میں ناکام ہے۔