شمالی وزیرستان: پاک فوج کے توسط سے منعقدہ چیمپئنز ٹرافی کے مقابلے اختتام پذیر

شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے توسط سے جاری چیمپئنز ٹرافی کے مقابلے اختتام پذیر ہوگئے، تقریب میں عسکری، سول انتظامیہ، عمائدین، نوجوانوں اور بچوں نے شرکت کی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے توسط سے پہلے تحصیل اور پھر ڈویژن لیول پر مقابلے منعقد کیے گئے، فٹبال، والی بال، تقاریر، ڈرائنگ اور اسکیچنگ میں کھلاڑیوں نے جوہر دکھائے۔

چیمپئنز ٹرافی کے جاری مقابلے گزشتہ دنوں اختتام پذیر ہوگئے،الوداعی تقریب میں بڑی تعداد میں عسکری، سول انتظامیہ، عمائدین، نوجوانوں اور بچوں نےشرکت کی۔

اس موقع پر تقریب میں رسہ کشی، جمناسٹک، میوزک بینڈ اور خٹک ڈانس نے حاضرین کو خوب محظوظ کیا، چیمپئنز ٹرافی کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں عوام نے یونس خان اسٹیڈیم کا رخ کیا تھا۔

عوام نے پاک فوج کی امن کے لیے قربانیوں اور کھیلوں کے فروغ کے حوالے سے اقدامات کو سراہا، عوام کا کہنا تھا کہ ایسے ایونٹس نوجوان نسل کی مثبت نشونما میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، عوام نے اپنی آرا دیتے ہوئے کہا کہ اس کا سہرا پاک فوج کے سرجاتا ہے۔

تقریب کے اختتام پر اعلیٰ کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو مختلف انعامات، ٹرافی اور تحائف سے نوازا گیا۔