چیئرمین پی ٹی آئی نے سیاست چمکانے کیلیے نظام برباد کر دیا، وزیر اعظم

این اے 132 سے شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی کی منظوری چیلنج

اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے اپنی سیاست چمکانے کیلیے پورے نظام کو برباد کر دیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد آنے پر آئی ایم ایف معاہدے سے روگردانی کی، انہوں نے بین الاقوامی تعلقات خراب کیے جبکہ ملک دشمنی کی کوئی کسر نہ چھوڑی۔

شہباز شریف نے کہا کہ ہمیں مشکل ترین حالات میں نظام کو سنبھالنا پڑا، سب سوال اٹھاتے تھے کہ ان حالات میں حکومت کیوں لی سارا گند پی ٹی آئی کو ہی اٹھانے دیتے۔

انہوں نے کہا کہ ایک شخص نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو تباہ کر دیا تھا، یہ پاکستان کے اندر سے پاکستان کے خلاف سازش ہوئی، 9 مئی کے پُرتشدد واقعات کی بھرپور تیاری کی گئی جو ڈیڑھ سال پر محیط تھی، اُس دن پورا ملک اشکبار تھا۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کوئی واقعہ نہیں بلکہ فوج میں ’کو‘ کی قبیح حرکت تھی، اللہ نے اپنے فضل سے سازش کو ناکام بنایا اور پاکستان بچ گیا۔

شہباز شریف نے کہا کہ چند جتھوں نے شہدا اور غازیوں کی بے حرمتی کی، 9 مئی کے دن شہدا کے اہل خانہ پر کیا گزری ہوگی، اس پر آئینی اور قانونی راستہ اپنانے کا فیصلہ کیا، فیصلہ کیا گیا کسی کو بھی رعایت نہیں ملے گی۔