بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ساڑھے 7 روپے فی یونٹ اضافے کے معاملے پر نیپرا وفاقی حکومت کی درخواست پرآج سماعت کرے گی، قیمت میں اضافے سے فی یونٹ قیمت 50 روپے تک پہنچ جائے گی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق بجلی کی قیمتوں میں اضافے کے بعد اوسط فی یونٹ ٹیرف 35 روپے 42 پیسےسے بڑھ کر 42 روپے 72 پیسے ہو جائے گا، سیلز ٹیکس کے نفاذ کے بعد فی یونٹ کی قیمت 50 روپے تک پہنچ جائے گی۔
بنیادی قیمت میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی سے کرنے کی تجویز دی گئی ہے، اس سلسلے میں وفاقی حکومت ٹیرف میں اضافے کی منظوری وفاقی کابینہ سے لے چکی ہے۔
نیپراعوامی سماعت کے بعد فیصلہ حکومت کو بھجوائے گی، جس کے بعد وفاقی حکومت قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کرے گی۔
بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 3 روپے سے ساڑھے 7 روپے فی یونٹ تک اضافہ تجویز کیا گیا ہے، ایک سو یونٹ والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی 3 روپے فی یونٹ مہنگی کرنے کی تجویز سامنے آئی ہے۔
101 سے 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے 4 روپے فی یونٹ اضافے کی تجویز دی گئی ہے، ایسے صارفین جو 201 سے 300 یونٹ تک بجلی استعمال کریں گے ان پر فی یونٹ 5 روپے اضافی چارج کی تجویز ہے۔
اس کے علاوہ 301 یونٹ سے 400 یونٹ تک 6 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافے کا امکان ہے جب کہ 400 سے 700 یونٹ تک کے حامل بجلی صارفین کے لیے 7 روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافے کی تجویز سامنے آئی ہے۔