رونالڈو نے سعودی لیگ اور امریکی میجر لیگ میں کسے بہتر قرار دیا؟

دنیا کے معروف ترین فٹبالر اور النصر کلب کا حصہ کرسٹیانو رونالڈو نے سعودی فٹبال لیگ کو امریکا کی میجرلیگ سے بہتر قرار دے دیا۔

پرتگالی اسٹار کے مطابق امریکا کی میجر لیگ سوکر کے مقابلے میں سعودی پرو لیگ کو سبقت حاصل ہے، ساتھ ہی کرسٹیانو نے یہ بھی پیشگوئی کی ہے کہ سعودی فٹبال لیگ کا مستقبل روشن ہے اور ایک سال میں یہ لیگ ترکش اور ڈچ لیگ کو مات دیتے ہوئے ان سے آگے نکل جائے گی۔

رونالڈو سمجھتے ہیں کہ اسٹار کھلاڑیوں پر سعودی لیگ کے دروازے انھوں نے ہی کھولے ہیں کیوں کہ پہلے انھوں نے معاہدہ کیا تھا جس کے بعد دیگر کھلاڑی بھی یہاں آنا پسند کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ پچھلے سال سعودی کلب النصر سے رونالڈو نے بھاری معاوضے پر معاہدہ کیا ہے، ان کی دیکھا دیکھی کریم بنزیما، رابرٹو فرمینو اور نگلولو کانتے جیسے فٹبال کی دنیا کے بڑے نام سعودی لیگ کا حصہ بن چکے ہیں جب کہ مزید اسٹارز کی آمد بھی متوقع ہے۔

یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہیں کہ فٹبال کا ایک اور بڑا نام لیونل میسی جو کہ رونالڈو کے حریف سمجھے جاتے ہیں انھوں نے میجر سوکر لیگ کے کلب انٹر میامی میں سے معاہدہ کیا ہے۔