سابق صدر آصف علی زرداری نے سندھ سمیت ملک بھر میں شدید بارشوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے وزرا کو اپنے حلقوں میں پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے سندھ سمیت ملک بھر میں شدید بارشوں پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پارٹی کے وزرا کو اپنے حلقوں میں پہنچنے کی ہدایت کی ہے۔
آصف زرداری نے کہا ہے کہ حالیہ بارشوں کی وجہ سے سندھ میں زراعت کو بہت بڑا نقصان ہوا ہے اور کھجور اور آم کی فصل تباہ ہوگئی ہے۔ لوکل باڈیز کے چیئرمین، ڈپٹی چیئرمین، میئرز، ڈپٹی میئرز اور کونسلرز بھی متاثرین کی بحالی کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
سابق صدر نے پنجاب، کے پی اور گلگت بلتستان میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
واضح رہے کہ مون سون اپنے پورے زور سے ملک بھر میں برس رہا ہے اور ایک ماہ کے دوران ملک کے مختلف شہروں میں بارشوں کے نتیجے میں 100 سے زائد افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔
بارشوں کے باعث درجنوں افراد زخمی، فصلوں کو نقصان اور قیمتی املاک بھی تباہ ہوئی ہے۔