وزیراعظم نے وفاقی وزیر خرم دستگیر کو ڈانٹ دیا

خرم دستگیر

ڈیرہ اسماعیل خان: وزیراعظم شہباز شریف نے دوران خطاب باتیں کرنے پر وفاقی وزیر خرم دستگیر کو ڈانٹ دیا۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ڈیرہ اسماعیل میں خطاب کے دوران باتیں کرنے پر وفاقی وزیر خرم دستگیر کو ڈانٹتے ہوئے کہا کہ غور سے بات سنو، باتیں بعد میں کرنا۔‘

شہباز شریف نے بجلی اور گردشی قرضوں کا ذکر چھیڑا تو خرم دستگیر، زاہد اکرم درانی سے گپ شپ میں مصروف تھے۔

وزیراعظم نے دو مرتبہ انہیں پکارا لیکن وزیر توانائی باتوں میں مگن رہے، گورنر خیبرپختونخوا غلام علی نے خرم دستگیر کو ہلا کر وزیراعظم کی طرف متوجہ کیا۔

شہباز شریف نے انہیں کہا کہ غور سے بات سنو باتیں بعد میں کرلینا۔

ڈیرہ اسماعیل خان میں ترقیاتی منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھنےکی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پندرہ، سولہ ماہ کی قلیل مدت میں ہمیں تاریخ کے مشکل ترین چیلنجز ورثے میں ملے۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر خدا نہ نخواستہ ملک ڈیفالٹ کر جاتا تو قیامت تک میرے ماتھے پرکالا دھبہ ہوتا اور قبر پر کتبہ لگتا کہ اس کے زمانے میں پاکستان ڈیفالٹ ہوا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے اپنی سیاست چمکانےکے لیے ریاست کو قربان کرنےکے لیےکوئی کسر نہیں چھوڑی، ہم سب نے مل کر فیصلہ کیا کہ ہم سیاست قربان کردیں گے، ریاست کوبچائیں گے۔