آج سے مون سون کی نئی مغربی لہر ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جس سے ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوگی۔
مون سون اپنے پورے جون پر ہے اور ملک بھر میں برس رہا ہے تاہم آج سے بارشیں برسانے والا نیا سسٹم ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ آج سے بالائی علاقوں میں داخل ہونے والے نئے مغربی سسٹم کے تحت اسلام آباد میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ اس کے اثر سے جنوبی پنجاب، کشمیر، گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف مقامات پر بھی گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
جنوبی پنجاب اور شمال مشرقی بلوچستان میں اکثر مقامات پر جب کہ گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا یہ اسپیل 30 جولائی تک جاری رہے گا جو بالائی سندھ میں بھی چند مقامات پر بارش کا سبب بن سکتا ہے۔
موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خطرہ ہے جب کہ مقامی برستاتی ندی نالوں میں طغیانی اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خطرہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ ایک ماہ سے جاری مون سون بارشوں کی وجہ سے ملک بھر میں 131 اموات ہوچکی ہیں جب کہ فصلوں سمیت قیمتی املاک تباہ ہوئی ہے۔