کراچی میں مسلسل بارشوں سے ندیاں بپھر گئیں

کراچی شہر اور اس کے مضافات میں واقع پہاڑی سلسلوں میں مسلسل بارشوں سے ندیاں بپھر گئیں کئی دیہاتی علاقوں کا شہری علاقوں سے زمینی رابطے منقطع ہوگئے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کراچی شہر اور اس کے مضافات میں واقع پہاڑی سلسلوں میں مسلسل بارشوں سے ندیاں بپھر گئیں کئی دیہاتی علاقوں کا شہری علاقوں سے زمینی رابطے منقطع ہوگئے۔

گلشن حدید لنک روڈ پر پانی بھر جانے سے لنک روڈ پر ٹریفک کی روانی متاثر ہے اور راستے بند ہونے کے باعث ہزاروں افراد خوراک اور دوائیوں سے محروم ہیں۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ بارشوں کے باعث راستے منقطع اور آنا جانا مشکل ہے۔ ان کا کوئی پرسان حال نہیں اور وہ بے یارو مددگار ہیں۔

کراچی کے اطراف میں مسلسل بارشوں کے باعث 30 سے زائد چھوٹے ڈیم بھی بھر چکے ہیں۔ موئیدان، کاٹھور، کنڈ جھنگ کا شہری علاقوں سے رابطہ منقطع ہے اور وہاں کے لوگوں نے انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ راستے بحال کیے جائیں۔

دوسری جانب ملیر ندی کا پانی کورنگی کراسنگ روڈ پر آگیا ہے جس کے باعث شاہراہ کو ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا ہے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے ٹریفک کو گودام چورنگی سے جام صادق برج کی طرف بھیجا جا رہا ہے جس کی وجہ سے کورنگی صنعتی ایریا، جام صادق پل سے قیوم آباد تک بدترین ٹریفک جام ہے اور اس میں ہزاروں گاڑیاں پھنس گئی ہیں۔