ایم کیو ایم کی رعنا انصار سندھ اسمبلی کی اپوزیشن لیڈر منتخب

متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی خاتون رکن رعنا انصار سندھ اسمبلی کی اپوزیشن لیڈر منتخب ہو گئی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی خاتون ایم پی اے رعنا انصار سندھ اسمبلی کی اپوزیشن لیڈر منتخب ہوگئی ہیں۔ انہوں نے اس عہدے کے لیے اپوزیشن کے 69 اراکین میں سے 39 ارکان کی حمایت حاصل کی۔

رعنا انصار کی حمایت کرنے والوں میں پی ٹی آئی کے 9 منحرف اراکین بھی شامل ہیں جب کہ جی ڈی اے کے 10 ارکان نے ایم کیو ایم کو اپوزیشن لیڈر کے لیے حمامیت میں ووٹ دیا۔

رعنا انصار نے سندھ اسمبلی کی پہلی خاتون اپوزیشن لیڈر بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی نے انہیں اپوزیشن لیڈر بننے پر مبارکباد پیش کی۔

رعنا انصار کے اپوزیشن لیڈر بننے کے بعد اب آئندہ ماہ سندھ میں بننے والی نگراں حکومت کے لیے صوبے کی حکمراں جماعت پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم میں مذاکرات ہوں گے۔

واضح رہے کہ 9 مئی واقعے کے بعد پی ٹی آئی کے تتر بتر ہونے اور اس کے کئی اراکین اسمبلی کے منحرف اور ہونے اور بیشتر کے منظر عام سے غائب ہونے کے بعد اپنا اپوزیشن لیڈر لانے کے لیے کوششیں تیز کر دی تھیں اور اس سلسلے میں جی ڈی اے، ٹی ایل پی سمیت دیگر سے رابطے کیے تھے۔