بھارت کی ریاست بہار کے شہر کٹیہار میں بجلی کی بندش کے خلاف احتجاج کرنے والے شہریوں پر پولیس نے گولیاں برسا دیں۔
مقامی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق کٹیہار کے رہائشی بل کی ادائیگی کے باوجود بجلی بند کرنے کے خلاف پُرامن احتجاج کر رہے تھے کہ پولیس نے مظاہرین کو منتشر کرنے کیلیے لاٹھی کے بجائے ہتھیاروں کا استعمال کیا۔
مظاہرین نے جب بجلی فراہم کرنے والے ادارے کے دفتر کے سامنے احتجاج کیا تو پولیس حرکت میں آگئی اور گولیاں چل دیں۔ اس کے نتیجے میں 2 افراد جان سے گئے جبکہ متعدد زخمی ہوئے۔
جان گنوانے والوں میں سے ایک کی شناخت 34 سالہ خورشید عالم سے ہوئی جبکہ دوسرے کا نام سونو تھا۔
پولیس نے الزام عائد کیا کہ مظاہرین کی جانب سے پتھراؤ کیا گیا جبکہ دفتر پر دھاوا بولنے کی کوشش بھی کی گئی جس پر گولیاں چلا پڑیں۔
دوسری جانب حکام نے معاملے کی انکوائری کا حکم جاری کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ پتا لگایا جائے گا کہ احتجاج کے دوران پتھراؤ کس نے کیا۔
گولیوں سے زخمی ہونے والے شہریوں کو اسپتال منتقل کر دیا گیا۔