حکومت ڈنمارک اور سوئیڈن کے سفارتخانے بند کرے، سینیٹر مشتاق

جماعت اسلامی سے تعلق رکھنے والے سینیٹر مشتاق احمد نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت ڈنمارک اور سوئیڈن کے سفارت خانوں کو بند کرے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد خان نے سینیٹ اجلاس میں سوئیڈن اور ڈنمارک میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کے تسلسل کی ایک بار پھر بھرپور مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرآن کریم ہماری ریڈ لائن ہے۔ اس کی بے حرمتی کی جا رہی ہے اور ہم بیٹھے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ڈنمارک اور سائیڈن کے سفارت خانوں کو بند کرے اور ان ممالک سے پاکستان کا سفارتی عملہ بھی واپس بلایا جائے۔

سینیٹر مشتاق نے مزید کہا کہ او آئی سی میں قانون سازی کر کے واقعے کو دہشت گردی قرار دیا جائے۔ اس حوالے سے مسلم دنیا سیاسی، سفارتی اور تجارتی سطح پر اقدامات کرے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اتنی اہم قانون سازی اتوار کے دن رکھنا درست نہیں ہے۔