کندھ کوٹ: وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کچے میں تعینات اہلکاروں کو اسپیشل کچا الاؤنس اور جدید اسلحہ دینے کا اعلان کر دیا۔
تقریب سے خطاب میں وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کچے میں ڈیوٹی کرنے والے پولیس اہلکاروں کو الاؤنس دیا جائے گا، سندھ کے شہدا کا پیکج پنجاب کے شہدا پیکج سے کچھ کم ہے جسے برابر کریں گے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ بزدل ڈاکو اپنی شکست دیکھ کر اب چھوٹے بچوں کو اغوا کر رہے ہیں، ایسے لوگوں کو ٹارگٹ کر رہے ہیں جس سے خبر بنے اور پولیس پیچھے ہٹے، ڈاکوؤں کا مقصد اغوا برائے تاوان نہیں بلکہ پولیس اور حکومت کو بدنام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کشمور کو 10 دن میں ڈاکوؤں سے پاک کریں گے، ہماری پولیس نے شہادتیں دی ہیں حکومت ہر قدم اٹھا رہی ہے، 2007 میں سکھر یا جیکب آباد آنا ہوتا تھا تو کانوائے کی صورت میں آتے تھے، اُس وقت یہ پورا علاقہ ڈاکوؤں کے چنگل میں تھا۔
’اس وقت ہمارا جیکب آباد کلیئر ہے۔ شکارپور کلیئر ہے کوئی مغوی نہیں سکھر اور گھوٹکی بھی کلیئر ہے۔ ان شاء اللہ ہم مغویوں کو بازیاب کروائیں گے۔ یقین دلاتا ہوں کہ ان ڈاکوؤں کو جہنم رسید کر کے ہی رہیں گے۔‘
سیلاب متاثرین سے متعلق وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ سیلاب متاثرین کو معاشی طور پر مضبوط کریں گے، بلاول بھٹو زرداری کی ہدایات پر متاثرین کیلیے گھر بنا رہے ہیں، بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ میں نے گھر بنا کر دینے ہیں۔