سعودی عرب کی ’کھجوروں‘ کا یورپی منڈی پر راج

سعودی عرب

ریاض : کھجور سعودی عرب کی معروف اور منفرد سوغات ہے جو اپنے بہترین ذائقے اور طبی افادیت کے پیش نظر دنیا بھر میں اپنا علیحدہ مقام رکھتی ہیں۔

سعودی عرب کی منتخب شدہ کھجوروں کی 200 سے زیادہ اقسام ہیں جو اپنے منفرد ذائقوں، ساخت، رنگوں اور مٹھاس کی وجہ سے درجہ بہ درجہ مقبول ہیں۔

اس حوالے سے العربیہ چینل نے سعودی عرب کے علاقے القصیم کی کھجوروں سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ القصیم میں کاشت کی جانے والی کھجوریں اپنے معیار کے اعتبار سے منفرد خصوصیات کی حامل ہیں اور بیرون ملک بالخصوص یورپی ممالک کو برآمد کی جاتی ہیں۔

بیرون ملک کھجوروں کی مارکیٹنگ میں مہارت رکھنے والے یوسف الدخیل نے کہا کہ القصیم کھجوریں پہلے ہی یورپی مارکیٹ پر چھائی ہوئی ہیں اور اسپین کے علاوہ ناروے اور سویڈن جیسے نئے ممالک میں داخل ہونے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

کھجور

انہوں نے نشاندہی کی کہ برآمدات کی شرح میں اضافے کی شرح 20 فیصد تک پہنچ جاتی ہے، کیونکہ دنیا بھر کے ممالک کو مملکت کی کھجور کی برآمدات تین لاکھ 20 ہزار ٹن سالانہ ہوتی ہیں۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ یورپ کو دو قسم کی کھجوریں الخلاص اور السکری برآمد کی جاتی ہیں جو یورپی منڈیوں میں مملکت کی کل برآمدات کا تقریباً 50 فیصد ہیں۔