گزشتہ روز باجوڑ میں جے یو آئی کے کنونشن میں ہونے والے خود کش دھماکے کا مقدمہ نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف درج کر لیا گیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اتوار کی شام باجوڑ کے علاقے خار میں جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کنونشن میں خود کش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 46 افراد جاں بحق جب کہ درجنوں زخمی ہوگئے۔ آج صبح مذکورہ واقعے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی باجوڑ میں درج کر لیا گیا ہے۔
ایس ایچ او خار نیاز محمد کی مدعیت میں نامعلوم دہشتگردوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے جس میں دہشتگردی، قتل، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
سی ٹی ڈی حکام کے مطابق دھماکے کی تحقیقات کیلیے قائم انکوائری ٹیم نے جائے وقوعہ کا معائنہ کیا اور شواہد اکٹھے کیے۔ تحقیقاتی ٹیم نے زخمیوں کے بیانات بھی قلمبند کیے۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ جے یو آئی کنونشن میں 300 سے 350 افراد موجود تھے۔ پروگرام جاری تھا کہ 4 بج کر 10 منٹ پر خودکش دھماکا ہوا۔ دھماکے کے زخمیوں اور لاشوں کو ریسکیو ٹیموں کے ذریعے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا گیا۔
باجوڑ خودکش دھماکے میں کالعدم تنظیم ملوث، جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہوگئی
واضح رہے کہ خودکش دھماکے کے مزید 4 زخمی دم توڑ گئے جس کے بعد جاں بحق افراد کی تعداد 46 ہوگئی ہے جب کہ پولیس کی ابتدائی تحقیقات کے مطابق واقعے میں کالعدم تنظیم ملوث ہے۔