سول جج کے گھر ملازمہ پر تشدد کیخلاف ازخود نوٹس لینے کیلئے درخواست دائر

سول جج ملازمہ تشدد

لاہور: سول جج کے گھر ملازمہ پر تشدد کیخلاف ازخود نوٹس لینے کیلئے درخواست دائر کردی گئی۔

تفصیلات کے مطابق سول جج کے گھر ملازمہ پر تشدد کیخلاف ازخود نوٹس لینے کیلئے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں درخواست دائر کردی گئی۔

درخواست سپریم کورٹ کےانسانی حقوق سیل میں مدثرچوہدری ایڈووکیٹ نے دائر کی، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ آئین پاکستان کےتحت ہرشہری کی عزت اور اس کی جان کو تحفظ حاصل ہے، سول جج کےگھر ملازمہ پر تشدد انسانی وقار اور احترام کےاصولوں کےمنافی ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ سول جج کی اہلیہ کے وحشیانہ تشدد سے معصوم بچی موت کےدہانے پر ہے، افسوسناک واقعےکےاصل حقائق سامنے لانے کےلئے ازخود نوٹس لیا جائے۔

درخواست گزار نے استدعا کی کہ عدالت ذمہ دارکیخلاف سخت قانونی کارروائی کا حکم دے اور معاملہ دبانے پرسول جج کیخلاف محکمانہ کارروائی کا حکم دیا جائے۔