ممبئی: بالی ووڈ کے بادشاہ شاہ رخ خان کی آنے والی فلم جوان کا گانا ’زندہ بندہ‘ ریلیز کردیا گیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جوان کے گانے زندہ بندہ کو تین مختلف زبانوں ہندی، تامل اور تیلگو میں ریلیز کیا گیا ہے جس نے سوشل میڈیا پر دھوم مچادی ہے۔
زندہ بندہ کے بول ارشاد کامل نے لکھے ہیں جبکہ اس کی موسیقی انیرودھ روی چندر نے ترتیب دیے ہیں۔
زندہ بندہ میں شاہ رخ خان نے ایک ہزار سے زائد خواتین کے ساتھ مختلف انداز میں پرفارم کیا ہے جو اس سے پہلے بھارتی سنیما کی تاریخ میں نہیں فلمایا گیا۔
شاہ رخ خان نے سوشل میڈیا پر گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ’جب اصول داؤ پر لگ جائیں تو لڑنا پڑتا ہےیہ جنگ آپ کو زندہ کرتی ہے۔‘
جوان شاہ رخ خان کی پہلی فلم ہے جس میں ساؤتھ انڈین سپر اسٹار وجے سیتھوپتی شامل ہیں جبکہ سنجے دت، دپیکا پڈوکون اور تھلاپتی وجے کیمیو میں نظر آئیں گے، دیگر اداکاروں نینتھارا، سانیا ملہوترا اور پریمانی شامل ہیں۔
شاہ رخ خان کی ایکشن تھرلر فلم 7 ستمبر کو دنیا بھر میں ریلیز کی جائے گی۔