انٹرنیشنل پلیئرز کی کہکشاں سے ایک اور فٹبالر الاتحاد کلب کا حصہ بن گیا

انٹرنیشنل پلیئرز کی کہکشاں میں سے ایک اور فٹبالر الاتحاد کلب کا حصہ بننے جارہا ہے، برازیل سے تعلق رکھنے والی مڈفیلڈر اب سعودی شائقین کو محضوض کریں گے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق 29 سالہ فبینو جو اس سے قبل لیور پول کلب کا حصہ تھے انھوں نے بھی اپنے ہم عصر کھلاڑیوں کی طرح سعودی کلب الاتحاد کی پیشکش کو قبول کرتے ہوئے عرب ملک میں اپنے جلوے بکھیرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

برازیلی معروف مِڈ فیلڈر اور سعودی عرب کے فٹبال کلب الاتحاد کے درمیان تین سال کا معاہدہ انجام پایا ہے، فبینو کے علاوہ مشہور فٹبالر کریم بینزیما بھی الاتحاد کلب کے ساتھ کچھ ہفتوں قبل ہی معاہدے کے بندھن میں بندھ چکے ہیں۔

فبینو جرمنی میں لیورپول کے تربیتی کیمپ کا حصہ نہیں تھے اسی دوران ان کی سعودی کلب کے ساتھ بات چیت میں پیشرفت ہوئی، وہ سنگاپور میں پریمیئر لیگ کلب کے پری سیزن سے بھی باہر تھے۔

دنیا کے کئی مشہور کھلاڑیوں کی سعودی فٹبال لیگ میں دلچسپی بڑھ گئی ہے حال ہی میں کئی پلیئرز نے سعودی پرو لیگ کے ساتھ معاہدہ کیا ہے جب کہ مزید کئی بڑے نام بھی سعودی فٹبال کا حصہ بن سکتے ہیں۔

الاتحاد کلب کے مطابق ’معاہدے پر دستخط الاتحاد کی ٹیم میں شاندار کھلاڑی شامل کرنے کی کوششوں کا حصہ ہے جو آنے والے مرحلے میں کلب کے سفر میں مدد کریں گے۔‘