اسلام آباد: وزیر اعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اس کی وجہ بیان کر دی۔
نجی نیوز چینل کو دیے گئے انٹرویو میں وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا دار و مدار کروڈ آئل کی قیمت پر ہوتا ہے، عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے باعث قیمتیں بڑھائیں۔
شہباز شریف نے کہا کہ انتہائی دکھ کے ساتھ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا، معاشی استحکام کیلیے قیمتوں میں اضافہ ناگزیر تھا۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ:
چند دنوں کی مہمان حکومت نے آج پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان کیا جس سے مہنگائی کے ستائے عوام پر مزید بوجھ پڑے گا۔
وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے قیمتوں کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ پیٹرول کی قیمت میں 19 روپے 95 پیسے روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 19 روپے 90 پیسے روپے فی لیٹر اضافے کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پیٹرول کی نئی قیمت 272 روپے 95 پیسے فی لیٹر جبکہ ڈیزل کی فی لیٹر قیمت 272 روپے 90 پیسے ہوگی۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ ہم آئی ایم ایف پروگرام میں ہیں سب کو پتا ہے کمٹمنٹ ہے، پیٹرول 19 روپے 95 پیسے فی لیٹر مہنگا کرنے پر مجبور ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف کی منظوری کے ساتھ قیمتوں کا اعلان کیا گیا ہے۔