ممبئی: مشہور بھارتی مزاحیہ ڈرامہ سیریل ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کے پروڈیوسر اسیت مودی نے اداکارہ دیشا وکانی المعروف ’دیا بین‘ سے متعلق مداحوں کو خوشخبری سنا دی۔
بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق پروڈیوسر اسیت مودی نے دیشا وکانی کی ڈرامے میں جلد واپسی کی تصدیق کر دی۔ ’تارک مہتا کا الٹا چشمہ‘ کو 15 سال مکمل ہو رہے ہیں جبکہ کئی فنکار ڈرامے سے خود کو الگ کر چکے ہیں جس میں دیشا وکانی بھی شامل ہیں۔
اسیت مودی نے میڈیا کو بتایا کہ ڈرامے کو 15 سال مکمل ہونے پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، دیا بین نے اپنی اداکاری سے دیکھنے والوں کا دل جیتا اور انہیں کوئی بھول نہیں سکتا۔
پروڈیوسر نے کہا کہ میں دیشا وکانی کی واپسی کا انتظار کر رہا ہوں، دیکھنے والوں سے وعدہ کرتا ہوں کہ وہ جلد اسکرین پر نظر آئیں گی۔
گزشتہ ماہ دیشا وکانی کے ڈرامہ چھوڑنے کی ممکنہ وجہ سامنے آئی تھی۔ ڈرامے کے سابق ڈائریکٹر مالو راجدا نے ایک انٹرویوں میں بتایا تھا کہ اداکارہ کو کبھی پیسوں کا مسئلہ نہیں رہا، ان کے شو چھوڑنے کی وجہ پیسہ نہیں تھی کیونکہ وہ اپنے ہنر سے پیار کرتی تھیں اور لالچی بالکل بھی نہیں تھیں۔
’دیشا وکانی نے اپنے پہلے بچے کی پیدائش پر علیحدگی کا فیصلہ لیا جبکہ پروڈکشن ٹیم کی جانب سے ان کی واپسی کیلیے بھرپور کوششیں کی گئیں، ایک موقع پر وہ دوبارہ واپس آنے کیلیے راضی ہوگئی تھیں لیکن پھر اچانک اداکارہ نے اپنا فیصلہ بدل لیا۔‘
سابق ڈائریکٹر نے انٹرویو میں بتایا تھا کہ جب انہوں نے پہلی بار واپسی کا فیصلہ کیا تو کورونا کی وبا پھوٹ پڑی، چونکہ اُس وقت ان کی بیٹی چھوٹی تھی اس لیے وہ واپس نہیں آئیں۔ ’کورونا کی وبا ختم ہونے کے بعد ٹیم نے ان سے دوبارہ رابطہ کیا لیکن تب ان کے ہاں دوسرے بچے کی پیدائش متوقع تھی۔‘
مالو راجدا کے مطابق اس کے بعد ’دیابین‘ کے کردار کیلیے متعدد اداکاراؤں کو لایا گیا لیکن دیشا وکانی کی جگہ آج تک کوئی نہیں لے سکا، یہی وجہ ہے کہ پروڈکشن ٹیم نے ان کے متبادل کی تلاش کا منصوبہ ترک کر دیا۔