پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے کہا ہے 10 دن میں اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں گی الیکشن کمیشن اسی ماہ انتخابات کی تاریخ کا اعلان کرے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق پی ٹی آئی رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک الیکشن کی طرف جا رہا ہے اور 10 دن میں اسمبلیاں تحلیل ہو جائیں گی۔ الیکشن کمیشن کو چاہیےکہ اسی ماہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان کر دے۔
اسد عمر نے کہا کہ اس وقت انتہائی شدت کی سیاسی خلیج پائی جا رہی ہے۔ ایک طرف الیکشن شیڈول کا اعلان ہو رہا ہوگا تو دوسری جانب الیکشن کمیشن اور پی ٹی آئی کا مقابلہ چل رہا ہوگا۔ اس صورتحال میں الیکشن کمیشن کو غیر جانبداری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور تمام پاکستانیوں کا اعتماد ہونا چاہیے کہ شفاف الیکشن ہوں گے۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ جتنی بھی تقاریر کی گئیں وہ تنقید کے زمرے میں آتی ہیں توہین کے نہیں جب کہ ہمارے وکلا کے مطابق الیکشن کمیشن کے پاس توہین عدالت کا اختیار نہیں۔ الیکشن ایکٹ میں یہ اختیار دیا گیا مگر آئین میں ایسی کوئی چیز نہیں۔ توہین کا اختیار صرف سپریم کورٹ اور ہائیکورٹ کو ہے۔
اس سے قبل الیکشن کمیشن میں اسدعمر، فواد چوہدری کے خلاف توہین الیکشن کمیشن کیس کی سماعت ہوئی جس میں فواد چوہدری کے وکیل فیصل چوہدری نے سماعت ملتوی کرنے کی درخواس کی جس پر ممبر الیکشن کمیشن اکرام اللہ خان نے کہا کہ فواد چوہدری نے تو آج معافی نامہ جمع کرانا تھا جب کہ ممبر نثار درانی نے کہا کہ وکیل اسد عمرنے طبی بنیاد پر سماعت ملتوی کرنے کی درخواست جمع کرائی ہے۔
سماعت کے موقع پر اسد عمر نے کہا کہ اس کیس کے قانونی پہلو وکلا ہی بہتر بتائیں گے۔ پاکستان اس وقت الیکشن کی طرف جا رہا ہے اور شفاف الیکشن جمہوریت کیلیے انتہائی ضروری ہیں۔
ممبر نثار درانی نے کہا کہ الیکشن کمیشن شفاف انتخابات کرانے کے لیے پرعزم ہے۔
رہنما پی ٹی آئی اسد عمر نے مزید کہا کہ 22 اگست تک الیکشن کمیشن نے انتخابات کا شیڈول جاری کرنا ہے۔ شیڈول کے اجرا کے وقت ملک کی سب سے بڑی سیاسی جماعت کے خلاف کیسز سے کیا تاثر جائے گا۔
نثار درانی نے کہا کہ یہ سیاسی جماعتوں کو سوچنا چاہیے وہ اداروں کو کتنا مضبوط کر رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن ایک سال سے یہ کیسز چلا رہا ہے۔ الیکشن کمیشن تو اس کیس کو ایک ماہ میں نمٹا سکتا ہے۔ سیاستدانوں نے ملک کو چلانا ہے ان کو سوچنا ہوگا۔
ممبر اکرام اللہ خان نے فریقین کی جانب سے اسٹے لیے گئے استثنیٰ کی درخواستیں دیں۔ عدالتوں سے اسٹے واپس لیں، ایک ہفتے میں فیصلہ سنا دیں گے۔
الیکشن کے حوالے سے ’’پی ڈی ایم‘‘ کا اہم بیان سامنے آ گیا
الیکشن کمیشن نے اسد عمر اور فواد چوہدری کو آئندہ سماعت پر ذاتی حیثیت میں طلب کرتے ہوئے سماعت 22 اگست تک ملتوی کر دی۔