کراچی : بنگلے میں کام کرنے والی ماسیوں کی بڑی واردات، 80 تولے سونا لے کر فرار

کراچی ڈیفنس بنگلے چوری

کراچی : ڈیفنس میں واقع بنگلے میں کام کرنے والی ماسیاں 80 تولے سونے کے زیورات اور 20 لاکھ روپے نقد چوری کرکے فرار ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں ڈیفنس کی طارق اسٹریٹ میں واقع بنگلے میں کام کرنے والی ماسیوں نے واردات کی اور 80تولے سونے کے زیورات اور 20 لاکھ روپے نقد چوری کرلئے۔

چوری کی واردات کا مقدمہ ڈیفنس تھانے میں درج کرلیا گیا، مدعی مقدمہ کے مطابق گھرمیں کام کرنے والی ماسی اپنے ساتھ گھر میں صفائی ستھرائی کیلئے 2 لڑکیاں لائی تھی۔

مدعی مقدمے کا کہنا تھا کہ دوپہر کے وقت ماسیاں گھر کا کام مکمل کرنے کے بعد آدھا گھنٹے بعد دوبارہ آنے کا کہہ کر چلی گئیں، میری والدہ کو پیسوں کی ضرورت تھی الماری کھولنا چاہی تو چابی بھی غائب تھی، باہر سے لاک والے کو بلوا کرلاک کھلوایا تو طلائی زیورات اور رقم غائب تھی۔

پولیس کے مطابق گھر میں سی سی ٹی وی کیمرے موجود نہیں، ماسیوں کو ملازمت پر رکھنے سے پہلے تھانے میں اندراج نہیں کروایا گیا تاہم واقعے سے متعلق مختلف پہلووں سے تحقیقات کر رہے ہیں۔