خواتین سے ہراسگی، چہرہ شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی بھی پولیس کے کام نہ آئی

کراچی کے مختلف علاقوں میں راہ چلتی خواتین سے ہراسگی کے واقعات نہ رک سکے، پولیس کی چہرے کو شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی بھی کام نہ آئی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق کچھ ہفتوں سے شہرقائد کے مختلف علاقوں میں راہ گزر خواتین کے ساتھ ہراسگی کے واقعات پیش آرہے ہیں جس کی روک تھام کے لیے اب تک پولیس کی جانب سے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جاسکے ہیں۔

کراچی پولیس کی چہرے کو شناخت کرنے والی ٹیکنالوجی بھی کام نہیں آرہی اور ملزم دھڑلے سے مکروہ حرکت کرتے ہوئے فرار ہوجاتے ہیں۔

گزشتہ روز سمن آباد میں خاتون کوہراساں کرنے میں ملوث شخص کی پولیس کو اب تک تلاش ہے جب کہ ایک ماہ گزرنے کے باوجود گلستان جوہر میں خاتون سے نازیبا حرکت کرنے والا ملزم قانون کی گرفت میں نہیں آسکا ہے۔

وزیر اعلیٰ کے نوٹس لینے کے بعد گلشن پولیس نے 3 مشکوک افراد کو حراست میں لیا تھا تاہم انھیں تفتیش کے بعد چھوڑ دیا گیا۔

واضح رہے کہ18 جولائی کو اورنگی ٹائون کے علاقے میں بھی ایک خاتون کو ہراساں کرنے والے ملزم کو ڈسٹرکٹ ویسٹ پولیس کی جانب سے گرفتار کیا گیا تھا۔