عمان میں انتخاب ایپ کے ذریعے عوامی مکالمے کا دوسرا ورژن آج لانچ کیا جا رہا ہے جس کا مقصد خیالات کا تبادلہ اور عوامی مفاد کی تجاویز پیش کرنا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق عمان کی وزارت داخلہ نے اعلان کیا ہے ک بدھ 2 اگست کو انتخاب ایپ کے ذریعے عوامی مکالمے کا دوسرا ورژن جاری کیا جائے گا جس کا مقصد عوام کی آرا کا تبادلہ اور ان کے مفاد سے متعلق تجاویز پیش کرنا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عوامی مکالمے کا دوسرا ورژن میونسپل کونسلوں کی تیسری مدت کی رکنیت کے انتخابات کے حوالے سے پہلے عوامی مکالمے کی کامیابی کے بعد جاری کیا جا رہا ہے جو عمان ویژن 2040 کے اہداف کے مطابق ہے جس میں انتخابی معاملات میں کمیونٹی کی شمولیت کو بڑھایا جا رہا ہے۔
آج لانچ کیا جانے والا دوسرا مکالمہ ویڈیو ڈائیلاگ اور آڈیو ریکارڈنگ کی خصوصیات کا حامل ہے جس میں مخاطب افراد کے درمیان بصری رابطہ بھی ہوسکے گا۔ اس کی لائیو ویڈیو نشریات میں شرکا کو انتخابی عمل سے متعلق مختلف مسائل پر گفتگو کا موقع فراہم کیا جائے گا۔ جس میں ماہرین تعلیم اور دلچسپی رکھنے والی جماعتوں کی نمائندگی بھی ہوتی ہے۔
ڈائیلاگ سیشن سول سوسائٹی کے اداروں، انجمنوں، یونیورسٹیوں میں طلبہ کی مشاورتی کونسلوں کے سربراہان اور اراکین کے لیے ایک متوازن پلیٹ فارم پیش کرے گا جس میں مرکزی موضوعات کے علاوہ صارف ذیلی موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کر سکیں گے۔