روکی اور رانی کے سیکوئل کے لیے کرن جوہر نے کن اداکاروں سے بات کی؟

روکی اور رانی کی پریم کہانی کا سیکوئل بنانے کے لیے کرن جوہر نے مرکزی کرداروں عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ سے بات کی ہے، اس بات کا انکشاف خود فلم کے ہدایت کار نے کیا۔

روکی اور رانی کی پریم کہانی 2023 کی ایک اور ہٹ فلم ثابت ہوئی ہے، کرن جوہر کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم نے شائقین کا دل جیت لیا ہے اور وہ سجھتے ہیں کہ فلم ایک مکمل انٹرٹینمنٹ پیکج ہے۔

عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی اس لو اسٹوری فلم نے چار دنوں میں بھارتی باکس آفس سے 52 کروڑ کے قریب کمائی کرلی ہے، فلم ہٹ ہونے کے بعد شائقین کی جانب سے اس کے سیکوئل کا مطالبہ سامنے آرہا ہے۔

فلم کی پذیرائی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرن جوہر کا کہنا تھا کہ فلم کا دوسرا حصہ بنانے کے سلسلے میں ان کی فلم کے دنوں مرکزی کرداروں سے بات ہوئی ہے۔

اس حوالے سے کرن کا مزید کہنا تھا کہ ان کے پاس سیکوئل بنانے کے لیے ایک کہانی تو ہے لیکن وہ ابھی اپنی ابتدائی اسٹیج میں ہے، واضح رہے کہ فلم روکی اور رانی کی پریم کہانی میں دھرمیندر، جیا بچن اور شبانہ اعظمی جیسے اداکاروں نے بھی اہم کردار نبھائے ہیں۔