73 ویں ایشز سیریز بھی تنازعات سے بھرپور رہی

انگلینڈ اور آسٹریلیا کے درمیان 73 ویں ایشز سیریز دو دو سے برابر ہوگئی تاہم اپنے اختتام پر یہ پھر تنازعات کو جنم دے گئی اور پوری سیریز تنازعات سے بھرپور رہی۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق روایتی حریفوں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے مابین حال ہی میں کھیلی جانے والی ایشز سیریز کا 73 واں ایڈیشن 2، دو سے برابری پر ختم ہوا تاہم تنازعات نے اس کا پیچھا نہ چھوڑا۔ انگلینڈ میں ہونے والی ایشیز سیریز بلاک بسٹر رہی جہاں گراؤنڈ میں دونوں ٹیموں کا سخت مقابلہ ہوا وہیں شاندار میچز کے ساتھ کھلاڑیوں میں خوب تکراربھی ہوئی اور کئی تنازعات بھی کھڑے ہوئے۔

مذکورہ سیریز کی سنسنی خیزی تو پہلے ٹیسٹ کے آغاز سے ہی شروع ہوگئی جب اوزی بال نے بیز بال کو پچھاڑا۔

دوسرے ٹیسٹ میں بیئر اسٹو کے رن آؤٹ سے تنازع کو چنگاری ملی اور جب امپائر نے اسٹارک کے شاندار کیچ پر ڈکٹ کو ناٹ آؤٹ قرار دیا تو یہ یہ چنگاری بھڑکتا شعلہ بن گئی جس پر آئی سی سی کو بھی وضاحت کے لیے میدان میں آنا پڑا۔

دوسرے ٹیسٹ میں تنازعات کے بعد انگلش کوچ مک کلم تو یہاں تک کہہ گئے کہ حریف ٹیم کے ساتھ پارٹی نہیں ہوگی۔

تیسرے ٹیسٹ میں ایلسٹرک کک نے آسٹریلوی کیپر پر بال کٹوا کر پیسے نہ دینے کا مضحکہ خیز الزام عائد کیا جس پر بعد میں انہیں خود معافی مانگنا پڑی۔

چوتھا ٹیسٹ بارش کی مداخلت کے باعث تنازعات سے محفوظ رہا لیکن اس نے پیچھا نہ چھوڑا اور آخری ٹیسٹ میں پھر آ دھمکا۔

اوول میں کھیلے گئے آخری ٹیسٹ میں بال کی تبدیلی پر بھی بڑی لے دے ہوئی۔ حتیٰ کہ سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ اور عثمان خواجہ نے سوالات اٹھا دیے۔ ابھی اس تنازع کی دھول نہ بیٹھی تھی کہ اپنے انٹرنیشنل کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے اسٹورٹ براڈ جادوگر بن گئے اور جب جب انہوں نے بیلز کو چھوا اگلی ہی گیند پر حریف بلے باز ٹھکانے لگ گیا۔

ویڈیو: کیریئر کے آخری ٹیسٹ میں براڈ کی بیلز الٹ پلٹ کرنے کی جادوگری

ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں بیلز کو الٹ پلٹ کرتے ہی لبوشین شکار بن گئے پھر آخری روز کیا چھومنتر کیا کہ بیلز چھوتے ہی اگلی گیند پر مرفی کو نشانہ بنا لیا۔

آخر میں سیریز کی ہوئی فیری ٹیل اینڈنگ۔ براڈ نے اوول میں آخری دو وکٹیں لے کر کیریئر کا اختتام کیا اور جاتے جاتے انگلینڈ کو میچ جتوانے کے ساتھ لیجنڈز میں بھی اپنا نام لکھوا گئے۔