چیئرمین سینیٹ نے پیمرا آرڈیننس بل 2023 کمیٹی کو بھیج دیا

پیمرا آرڈیننس بل

اسلام آباد : چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی  نے پیمرا آرڈیننس بل2023 کمیٹی کو بھیج دیا ، وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ جب تک کوئی چیز ثابت نہ ہو خبر نہیں چلائی جا سکتی، یہ موجودہ قانون ہے۔

تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں پیمرا ترمیمی بل 2023 پیش کیا گیا، بل وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے پیش کیا، اپوزیشن کی جانب سےبل پیش کئےجانے پر احتجاج کیا، جس پر چیئرمین سینیٹ نے ہدایت کی کہ بل پیش کرنے دیں۔

وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے پیمرا ترمیمی بل2023پراظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ پیمرا ترمیمی بل ایک تاریخی بل ہے، چیئرمین پیمرا سے چینلز پر پابندی کےاختیارات لےلیے اور یہ اختیارات اتھارٹی کو دےدیئے ہیں۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ میڈیاسےمتعلق تمام اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کی گئی، دنیا سلف ریگولیشن پر جا رہی ہے، اتھارٹی میں ورکنگ جرنلسٹس کو بھی نمائندگی دی ہے، پہلے چیئرمین پیمرا جنبش قلم چینلز بند کرسکتا تھا، اب اختیارات کونسل آف کمپلینٹ کو دیا گیا ہے، تاریخی ترمیم صحافیوں کی تنخواہوں کے حوالے سے ہے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے پیمراآرڈیننس بل2023کمیٹی کوبھیج دیا ، جس پر وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے کہا کہ پیمرا آرڈیننس2002  بھی انہوں نے نہیں پڑھا، میڈیا ہاؤسز نے کونسل آف کمپلینٹس کو سالانہ رپورٹ دینی ہے، کوئی چلتا پروگرام بند نہیں کیا ، کسی کو گولیاں نہیں لگیں۔

اجلاس کے دوران اپوزیشن نے احتجاج کرتے ہوئے شور شرابا کیا تو مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ جب تک کوئی چیزثابت نہ ہو خبرنہیں چلائی جا سکتی،یہ موجودہ قانون ہے، ہم نے یہ کیا ہے کہ اگرصحافی سے غلطی ہوئی ہے تو اس کو سزا نہ دی جائے، اسے بے شک کمیٹی کو بھجوا دیں۔