شہریار آفریدی کی دوبارہ گرفتاری پر پی ٹی آئی کا ردعمل

سابق وفاقی وزیر شہریار آفریدی کی دوبارہ گرفتاری پر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سیکریٹری جنرل عمر ایوب نے اپنے ردعمل کا اظہار کر دیا۔

عمر ایوب نے کہا کہ شہریار آفریدی کی دوبارہ گرفتاری کی مذمت کرتے ہیں، ان کے ساتھ بدترین سلوک کیا گیا اور کپڑے پھاڑ دیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اب بہت ہوگیا عدالتیں حق کیلیے کھڑی ہوں اور قانون کی حکمرانی کو نافذ کریں۔

پی ٹی آئی سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان میں حب الوطنی کے لائسنس کیلیے کوئی اتھارٹی نہیں ہے، ساتھیوں کی رہائی تک ہماری پُرامن سیاسی جدوجہد جاری رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات تک جدوجہد جاری رہے گی۔

خیال رہے کہ شہریار آفریدی کو انسداد دہشتگردی کی عدالت سے رہائی ملنے کے بعد پولیس نے دوبارہ گرفتار کیا۔ انسداد دہشتگردی کی عدالت کے جج نے پی ٹی آئی رہنما کو رہائی کا حکام دیتے ہوئے ایس ایس پی آپریشن کو شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔

ان کے وکیل چوہدری اشتیاق نے بتایا تھا کہ شہریار آفریدی عدالت سے وکلا کے ہمراہ باہر آئے تو پولیس نے پھر گرفتار کیا، گرفتاری کے دوران پولیس نے وکلا اور ان کے کپڑے پھاڑ دیے۔

وکیل کا کہنا تھا کہ شہریار آفریدی اور وکلا نے انسداد دہشتگردی عدالت میں پناہ لی ہوئی تھی۔ عدالت سے رہائی کے بعد ان کو 16 ایم پی او کے تحت دوبارہ گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا۔