شادی میں نکاح خواں نکاح پڑھانے کے بعد نئے جوڑے کے اچھے مستقبل کی دعا کراتے ہیں لیکن ایک تقریب میں نکاح خواں نے ایسی دعا کرائی کہ دولہا کی ہنسی نکل پڑی۔
مسلمانوں کی شادی میں نکاح کے بعد نکاح خواں کا جوڑے کے اچھے مستقبل کی دعا کرانا روایت ہے اور تقریباً ہر تقریب میں یہ روایت دہرائی جاتی ہے تاہم ان دنوں سوشل میڈیا پر شادی کی ایک ایسی تقریب کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے جس میں نکاح خواں، نکاح پڑھانے کے بعد دعا کے لیے ہاتھ بلند کرتے ہیں لیکن وہ جب دعا کرتے ہیں تو باراتیوں کے ساتھ دولہا کی بھی ہنسی نکل پڑتی ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نکاح خواں دولہا اور دلہن کے روشن مستقبل کی دعا کرانے کے بجائے قدرے پر مزاح دعا کراتے ہیں اور کہتے ہیں کہ کنوارے، بزرگوں کی شادی کے لیے دعا کراتے ہیں۔
وہ دعا کراتے ہوئے کہتے ہیں کہ تقریب کے وہ بزرگ جو دوسری شادی کے خواہشمند ہیں اللہ تعالیٰ ان کی دوسری شادی کرائے اور ایسے کرائے کہ پہلی بیوی کو پتہ نہ چلے جب کہ کنواروں غم کے ماروں کو بھی بیوی عطا فرما، سب کو پہلی بیوی کی آفت سے بچا۔
سچا اور اچھا مولوی مشکل سے نظر آتا ہے ۔
جو RT نہیں کریگا اُس کی دعا قبول نہیں ہوگی ۔ pic.twitter.com/DF5PGqsgtf— Arshad Parvez (@aparvez99) August 4, 2023
اس پر مزاح دعا پر نہ صرف اسٹیج پر بیٹھے دولہا کی ہنسی چھوٹ گئی بلکہ تقریب میں موجود باراتیوں کے قہقہے بھی نکل پڑے تاہم خواتین کا اس پر کیا ردعمل رہا وہ ویڈیو میں نظر نہیں آیا۔