اسلام آباد: سینیٹ نے توہین صحابہؓ، اہلبیتؓ و امہات المومنینؓ بل2023 کی منظوری دیدی، سینیٹر عبدالکریم نے بل سینیٹ میں پیش کیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق سینیٹر عبدالکریم کی جانب سے توہین صحابہؓ، اہلبیتؓ و امہات المومنینؓ بل 2023 سینیٹ میں پیش کیا گیا تھا جس کی منظوری سینیٹ نے دے دی ہے، اس موقع پر مشتاق احمد نے کہا کہ آج کل سوشل میڈیا پرصحابہؓ، اہلبیتؓ و امہات المومنینؓ سے متعلق گستاخی کی جارہی ہے۔
سینیٹر مشتاق احمد نے مزید کہا کہ جو سوشل میڈیا پر توہین ہو رہی ہے وہ اس ایوان میں بیان بھی نہیں کرسکتا، سوشل میڈیا پرتوہین کے ثبوت لیگل کمیشن آن بلاسفیمی نے ہمیں دیےہیں، سوشل میڈیا پر توہین روکی جائے۔
سینیٹرعبدالغفور حیدری نے کہا کہ یہاں سے قومی اسمبلی کی طرح متفقہ قانون سازی کر کے دنیا کو پیغام دیں، جس طرح انبیا کی توہین کی سزا ہے اسی طرح صحابہؓ واہلبیتؓ کی توہین کی سزا ہے۔
عبدالغفور حیدری کے مطابق صحابہؓ، اہلبیتؓ وامہات المومنینؓ کی توہین کی سزا 3 سال بہت کم تھی اسے بڑھایا جا رہا ہے۔
سینیٹر مولانا فیض محمد نے کہا کہ توہین کی سزا کم ہونے کی وجہ سے صحابہؓ، اہلبیتؓ و امہات المومنینؓ کی توہین ہورہی ہے، سینیٹرپیر صابر شاہ نے کہا کہ اس بل کو پیش کرنے والوں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
صابر شاہ کا مزید کہنا تھا کہ میں توہین صحابہؓ، اہلبیتؓ و امہات المومنینؓ روکنے کے بل کی حمایت کرتا ہوں، مسلم لیگ ن کے سینیٹرساجد میرکی جانب سے بھی بل کی حمایت کی گئی۔