قومی ٹیم کے نئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا ہے کہ ماضی کے مقابلے میں ٹیم اس بار زیادہ مستحکم ہے وقت کی کمی کے باوجود بہترین اسکواڈ کا انتخاب کریں گے۔
چیف سلیکٹر مقرر ہونے کے بعد انضمام الحق نے کہا کہ چیف سلیکٹر کا عہدہ ملنا اعزاز کی بات ہے عہدہ دینے پر ذکااشرف کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ معاملات میں سابق کھلاڑیوں کو شامل کرنا چیئرمین کا اچھا اقدام ہے پہلے بھی چیف سلیکٹر کے عہدے پر کام کر چکا ہوں ایک بار پھر چیف سلیکٹر کی ذمہ داریاں نبھانے کیلئے پرُجوش ہوں۔
لیجنڈ کا کہنا تھا کہ پچھلی بار چیف سلیکٹر تھا تو پاکستان نے2017 کی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی اس دور میں منتخب ہونے والے کھلاڑی اب ٹیم کے اہم ترین رکن ہیں اس بار ٹیم مستحکم ہے پہلے جیسے چیلنجز کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان میں سلیکشن کمیٹی کی سربراہی ویسے ہی آسان کام نہیں ایشیاکپ اور ورلڈکپ قریب ہیں کام مزید مشکل ہوگا وقت کی کمی کے باوجود بہترین اسکواڈ کا انتخاب کریں گے۔