وزیراعظم نے صحافیوں کے لیے اسپیشل فنڈ کا اعلان کیا ہے جب کہ صحافیوں سمیت میڈیا ورکرز اور فنکاروں کے لیے صحت کارڈ بھی جاری کر دیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق صحافیوں، میڈیا ورکرز اور فنکاروں کے لیے صحت کارڈ کے اجرا کے حوالے سے اسلام آباد میں تقریب منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم نے صحت کارڈ کا اجرا اور صحافیوں کے لیے اسپیشل فنڈ کا اعلان کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ صحافیوں کے لیے اسپیشل فنڈ قائم کیا جا رہا ہے، جو صحافی فرض کی ادائیگی کے دوران انتقال کر جائیں ان کے اہل خانہ کو اس پی ایم فنڈ سے 40 لاکھ روپے دیے جائیں گے، آگے اس فنڈ میں مزید اضافہ بھی کیا جائے گا۔
شہباز شریف نے کہا کہ عامل صحافی اپنے فرائض کی ادائیگی میں مشکل چیلنجز کا مقابلہ کرتے ہیں۔ میں سمجھتا ہوں صحافت کے میدان میں یہ انقلابی قدم ہے۔
انہوں نے صحت کارڈ کے اجرا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ سب کو صحت مند رکھے لیکن بیماری بھی ہماری زندگی کا حصہ ہے۔ آج کا دن بڑا اہم ہے ہیلتھ کارڈ کے اجرا پر سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔
شہباز شریف نے کہا کہ گزشتہ سال 11 اپریل کو جب میں نے وزارت عظمیٰ کی ذمے داری سنبھالی اس کے بعد بھی کسی صحافی نے تنقید، اسٹوری یا کوئی بات لکھی تو میں نے کسی سے گلہ نہیں کیا۔ تنقید حقائق پر مبنی ہو تو اس سے بہت مدد ملتی ہے اور ایسی تنقید اسپیشل برانچ کی رپورٹ سے بھی زیادہ مستند ہوتی ہے، اگر تنقید حقائق سے ہٹ کر ہو تو پھر بگاڑ ہی پیدا ہوتا ہے۔