بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے ورلڈ کپ سے قبل نیا تنازعہ کھڑا دیا

ورلڈکپ 2023 میں پاکستانی ٹیم کی شرکت پر کمنٹ کرکے بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے جلتی پر تیل کا کام کردیا۔

گزشتہ روز ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان جاری کیا جس میں انہوں نے قومی ٹیم کو بھارت جاکر ورلڈ کپ کھیلنے کی اجازت دی تھی۔ مگر بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے نے زہر اُگلتے ہوئے متضاد بیان دے دیا۔

بھارتی کمنٹیٹر ہرشا بھوگلے کا اپنے کمنٹ میں کہنا تھا کہ عظیم الشان اعلانات کو بھول جاؤ، ہمیں 2 ماہ پہلے ہی معلوم تھا پاکستان ورلڈکپ کیلئے بھارت آئے گا۔

بھارتی کمنٹیٹر کا بیان سامنے آنے کے بعد پاکستانی شائقین کرکٹ میں غصے کی لہر دوڑ گئی اور ہر شا بھوگلے کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ بھارتی کمنٹیٹر کا بیان توہین آمیز ہے، انہیں تکبر اور سیاست کو کھیل میں نہیں لانا چاہیے تھا۔

قبل ازیں آئی سی سی کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر 2 منٹ اور 13 سیکنڈ کی ویڈیو جاری کی گئی تھی جس میں پاکستانی فینز اور ٹیم کو مایوس دکھایا گیا تھا تو شائقین کرکٹ کی جانب سے شدید رد عمل ظاہر کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ورلڈکپ کا آغاز 5 اکتوبر کو 2019 کے فائنل میں پہنچنے والی ٹیموں انگلینڈ اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ سے ہو گا، جبکہ اس کا اختتام 19 اکتوبر کو احمد آباد میں شیڈول فائنل پر ہوگا۔