سندھ میں ڈکیتی لوٹ مار کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں سنگدل ڈاکوؤں نے نوشہروفیروز میں میت لے جانے والی ایمبولینس کو بھی لوٹ لیا۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اندرون سندھ میں ڈکیتی اور لوٹ مار کی وارداتیں بڑھتی جا رہی ہیں اور لوگ اتنے غیر محفوظ ہوگئے ہیں کہ میت اور ایمبولینس بھی ڈاکوؤں کی دسترس سے محفوظ نہیں رہے ہیں۔
نوشہرو فیروز میں ڈاکوؤں نے سنگ دلی کی انتہا کرتے ہوئے میت لے جانے والی ایمبولینس کو بھی نہ بخشا اور اس کو لوٹ لیا۔
نوشہرو فیروز سے ایک ٹیچر کی والدہ کی میت ایمبولینس میں اس کے آبائی گاؤں لے جائی جا رہی تھی کہ تھانہ درس کی حدود میں ڈاکوؤں نے ایمبولینس کو روکا اور اس میں سوار میت کے غمزدہ لواحقین سے 50 ہزار روپے، موبائل فون اور زیورات چھین لیے۔
متاثرہ افراد نے ڈکیتی کے خلاف مورو نیو جتوئی لنک روڈ پر احتجاج کیا۔