انتظامات ناقص ترین، کیا ایسے کرائے گا بھارت ورلڈ کپ؟

بھارت میں رواں سال اکتوبر نومبر میں شیڈول آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ کے انتظامات کی قلعی کھل گئی ہے جس نے ورلڈ کپ کے انعقاد پر بھی سوال اٹھا دیا ہے۔

رواں برس 5 اکتوبر سے شروع ہونے والے کرکٹ کے سب سے بڑے عالمی میلے کے حوالے سے میزبان بھارت کے انتظامات کی قلعی دنیا کے سامنے کھل چکی ہے اور ہر روز ایک نیا مسئلہ کھڑا ہوکر اس کے بلا رکاوٹ اور پُر امن انعقاد پر سوالیہ نشان لگا رہا ہے۔

ابھی میچز سیکیورٹی اور انہیں ری شیڈول کے مسئلے کی دھول بھی نہ جمی تھی کہ میگا ایونٹ سے قبل کولکتہ کے ایڈن گارڈنز میں آگ لگنے کے واقعے سے بھارت کو پھر سبکی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ایڈن گارڈنز میں آتشزدگی کے نتیجے میں کھلاڑیوں کا سامان جل کر راکھ ہو گیا جب کہ اسی گراؤنڈ میں عالمی کپ کا ایک بڑا مقابلہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان شیڈول ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اسٹیڈیم میں میگا ایونٹ کے لیے تعمیراتی کام جاری ہے جس کے دوران آگ لگی۔ فائر بریگیڈ نے کئی گھنٹوں کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا گیا۔

ورلڈ کپ میں سیکیورٹی خدشات، پاکستان کرکٹ بورڈ آئی سی سی کو خط لکھے گا

واضح رہے کہ اس سے قبل 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں پاک بھارت میچ کے لیے مقامی سیکیورٹی اداروں نے ہندوؤں کے مذہبی تہوار نوراتری کی وجہ سے سیکیورٹی دینے سے انکار کر دیا تھا جس کے باعث بھارت کو ایونٹ کے ایک دو نہیں بلکہ 9 میچز کو ری شیڈول کرنا پڑا۔