کراچی: لوکل گورنمنٹ نے نالوں اور مین ہولز میں گر کر زخمی شہریوں کو معاوضہ دینے کا فیصلہ کرلیا اور کہا کوئی شہری نالوں یا مین ہول میں گر کر زخمی ہوا تو ملازمین کیخلاف کارروائی ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں سینٹری ورکرز کو سیفٹی کٹ فراہم نہ کرنے کیخلاف کیس کی سماعت ہوئی، لوکل گورنمنٹ کی جانب سے پیشرفت رپورٹ عدالت میں پیش کردی گئی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ نالوں اور مین ہولزمیں گر کر زخمی شہریوں کو معاوضہ دینےکافیصلہ کیاہے، کوئی شہری نالوں یا مین ہول میں گر کر زخمی ہوا تو ملازمین کیخلاف کارروائی ہوگی۔
رپورٹ میں کہا ہے کہ لوکل کونسل کو حکم دیا کہ وہ سینٹری ورکرز کو حفاظتی تربیت فراہم کریں، تمام گٹروں پر ڈھکن لگائے جائیں گے،نالوں کے گرد دیوار بنائی جائیں گی۔
لوکل گورنمنٹ کا کہنا تھا کہ دوران ڈیوٹی کانٹریکٹ ملازم کو حادثہ پیش آتا ہے تو 3 لاکھ روپے ادا کیے جائیں گے، زخمی اور جاں بحق ہونے والوں کو معاوضہ بھی ادا کیا جائے گا، شہری یا سینٹری ورکرکےلواحقین حادثاتی موت پر ایک لاکھ کا دعویٰ کر سکتےہیں۔
سینٹی ورکرز کی بڑی تعداد کانٹریکٹ اور ڈیلی ویجز پر بھرتی ہیں ، کانٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین سرکاری ملازمت کے زمرے میں نہیں آتے۔
سندھ ہائی کورٹ نے رپورٹ کی نقول فریقین کو فراہم کرنے کی ہدایت کردی۔