اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کا نام بھی بطور نگراں وزیر اعظم کی دوڑ میں شامل ہوگیا۔ اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض کی طرف سے نام تجویز کیا گیا۔
قائد حزب اختلاف راجہ ریاض وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کیلیے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے ہیں جہاں دونوں کے درمیان نگراں وزیر اعظم کیلیے نام پر اتفاق کیا جائے گا۔
ملاقات کیلیے روانگی سے قبل راجہ ریاض نے میڈیا سے مختصر گفتگو میں بتایا کہ وزیر اعظم کے پاس 3 نام لے کر جا رہا ہوں۔
دوسری جانب وزیر خزانہ اسحاق ڈار بھی وزیر اعظم ہاؤس پہنچے ہیں جن کا نام نگراں وزیر اعظم کیلیے کئی بار خبروں میں آ چکا ہے۔
ایک انٹرویو میں جب اسحاق ڈار سے پوچھا گیا تھا کہ وہ نگراں وزیر اعظم کی ذمہ داری سنبھالیں گے تو انہوں انکار نہیں کیا تھا۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ جو بھی ذمہ داری دی گئی اسے نبھایا ہے۔
گزشتہ روز خبریں سامنے آئی تھیں کہ جلیل عباس جیلانی شہباز شریف سے ملاقات کیلیے وزیر اعظم ہاؤس پہنچے تھے۔ ذرائع نے بتایا تھا کہ جلیل عباس جیلانی کا نام پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے تجویز کیا تھا۔