چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل نہ کرنے کی وجوہات سامنے آگئیں

چیئرمین اڈیالہ جیل

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل نہ کرنےکی وجوہات سامنے آگئیں، پنجاب حکومت کے وکیل نے بتایا کہ سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پر چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ منتقل نہیں کیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کی اٹک سے اڈیالہ جیل منتقلی کے کیس میں دوران سماعت پنجاب حکومت نے اٹک جیل منتقلی کی وجوہات سے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کردیا۔

وکیل پنجاب حکومت نے بتایا اڈیالہ حساس نوعیت کی جیل ہے، جہاں گنجائش سےزیادہ قیدی ہیں، سیکیورٹی وجوہات کی بنیاد پرچیئرمین پی ٹی آئی کواڈیالہ منتقل نہیں کیا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل شیرافضل نے حکومت کی پیش کردہ وجوہات کومضحکہ خیزقرار دیتے ہوئے کہا کہ اڈیالہ سیکیورٹی کے حوالے سے سب سے مستحکم جیل ہے، تمام جیلوں میں قیدی جگہ سے زیادہ ہیں۔

وکیل کا کہنا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو ان کا ڈاکٹر چیک کرلے گا تو کیا ہوجائے گا، نواز شریف کے ڈاکٹرعدنان روز ان کے پاس جاتے تھے۔

دوران سماعت وکیل انتظار پنجوتھا نے کہا اہلیہ کو خدشہ ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو کھانے میں زہر دیا جا سکتا ہے، حکومت پنجاب کےنمائندے بیان حلفی لیاجائے۔

جس پر چیف جسٹس نے وکیل پنجاب حکومت کو مخاطب کرتےہوئے کہا یاد رکھیں کہ وہ آپ کی حراست میں ہیں اور آپ کی ذمہ داری ہیں، چیئرمین پی ٹی آئی کی مکمل ذمہ داری سپرنٹنڈنٹ جیل پر ہے۔