ایکس پر وائس کال فیچر پیش کیے جانے کا امکان

ایکس پر وائس کال فیچر پیش کیے جانے کا امکان

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر کمپنی کی جانب سے وائس کال کا فیچر پیش کیے جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق ٹیکنالوجی کمپنی ٹیسلا اور ایکس کے مالک ایلون مسک کی جانب سے سوشل پلیٹ فارم پر نئی نئی تبدیلیاں لانے کا سلسلہ تھمنے کو نہیں ہے۔

ایکس کی ڈیزائنر اینڈریا کونوے نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا کہ ’میں نے ابھی ایکس پر کسی کو کال کی ہے۔‘ صارفین اس بیان کو وائس کال فیچر لانے کا اشارہ قرار دے رہے ہیں۔

اینڈریا کونوے کی جانب سے مزید کوئی تفصیلات شیئر نہیں کی گئی کہ اس سہولت کی آمد کب تک متوقع ہے۔

یاد رہے کہ ایکس براہ راست پیغامات بھیجنے کے دوران ایک صارف دوسرے کو واٹس ایپ کی طرح وائس نوٹ بھیج سکتا ہے تاہم اس میں کال کرنے کا فیچر نہیں ہے۔

اس وقت ایکس پر ’اسپیس‘ فیچر کے ذریعے دنیا بھر کے صارفین ایک دوسرے سے گفتگو کرنے کے اہل ہیں لیکن خفیہ طور پر وہ کسی کو کال نہیں کر سکتے۔

دوسری جانب ایلون مسک نے ایکس پر جلد ہی بلیو ٹک کو ختم کر کے انہیں بلیک ٹک میں تبدیل کرنے کا اعلان کر رکھا ہے۔