ایشیا کپ کے لیے ٹیم سلیکشن پر سوالات اٹھ گئے

ایشیا کپ

کراچی: ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کی سلیکشن پر مداحوں نے سوالات اٹھا دیے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق چیف سلیکٹر انضمام الحق نے گزشتہ دنوں ایشیا کپ کے لیے قومی ٹیم کا اعلان کیا جس میں دو سال بعد فہیم اشرف کی شمولیت ہوئی ہے اور عماد وسیم، شان مسعود کو ڈراپ کردیا گیا ہے۔

مداحوں کا کہنا ہے کہ فہیم اشرف کو کس پرفارمنس پر ٹیم میں شامل کیا گیا ہے اور عماد وسیم، شان مسعود کو ڈراپ کرنے کی وجہ کیا ہے؟

واضح رہے کہ فہیم اشرف دو سال ون ڈے ٹیم سے دور رہے، ٹی 20 سیریز اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف کھیلے، پانچ میچوں میں صرف ایک وکٹ لی اور بیٹنگ میں بھی خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھاسکے تھے۔

پی ایس ایل سمیت دنیا بھر کی لیگز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے عماد وسیم کی عدم شمولیت سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئی، مداحوں کا کہنا ہے کہ کیا عماد سری لنکا اور بھارت میں سود مند نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب مداحوں کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک اور کاؤنٹی میں مسلسل پرفارمنس دکھانے والے شان مسعود کو ایک سیریز کی کارکردگی پر ڈراپ کیا گیا۔

سوشل میڈیا صارفین کا کہنا ہے کہ کیا بھارت کی ایمرجنگ ٹیم کیخلاف سنچری پر طیب طاہر کو ٹیم میں لانا درست ہے؟ لسٹ اے میں کارکردگی نہ ہونے کے باوجود کیا حارث کو سرفراز احمد پر فوقیت دینا ٹھیک ہے؟

زمان خان پوری دنیا میں ڈیتھ اوور بولنگ سے اپنا لوہا منوا رہے ہیں کیا اٹھارہ لڑکوں میں بھی ان کا نام نہ آنا زیادتی نہیں؟ یہ وہ سب سوال ہیں جو شائقین چیف سلیکٹر انضمام الحق سے کررہے ہیں۔