سندھ کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کو موسیقی سکھائی جائے گی

موسیقی

کراچی : سندھ کے سرکاری اسکولوں میں بچوں کو اب موسیقی کی تربیت بھی دی جائے گی، محکمہ تعلیم سندھ نے صوبے میں 319 میوزک ٹیچرز کو بھرتی کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق سندھ کے 31 اضلاع کے سرکاری اسکولوں میں میوزک ٹیچرز کی بھرتیوں کا آغاز ہوگیا اب تک 319 اساتذہ کو بھرتی کیا گیا ہے۔

اس حوالے سے وزیر تعلیم سندھ سید سردار شاہ کا کہنا ہے کہ میوزک ٹیچرز کو صوبے بھر کے اسکولوں تعینات کیا جائے گا۔

ان کا کہنا ہے کہ یہ اساتذہ طلباء و طالبات کو حمد و نعت اور موسیقی کی خصوصی تربیت دیں گے، مذکورہ اساتذہ کو آئی بی اے سکھر کے ذریعے بھرتی کیا گیا ہے۔

موسیقی

وزیر تعلیم سندھ نے کہا کہ بھرتی ہونے والے اساتذہ میں سندھ کے مایہ ناز موسیقار شامل ہیں، تمام گلوکاروں کو بی ایس 14گریڈ میں بھرتی کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیچرز بچوں کو ہارمونیم، وائلن، فلیوٹ، باجا، پیانو، ڈفلی بجانا اور میوزک شیٹ پڑھنا سکھائیں گے، جس سے سیکھنے کا ایک مثبت اور حوصلہ افزا ماحول پیدا ہوگا اور طلبا کو آڈیشن اور کارکردگی کی تیاری میں بھی مدد مل سکے گی۔

سید سردار شاہ کا مزید کہنا ہے کہ آئندہ موقع ملا تو صوبہ سندھ میں مزید 419اساتذہ بھرتی کیے جائیں گے، میوزک ٹیچرز تعلیمی اداروں میں موسیقی سمیت طلبا کی دیگر صلاحیتوں کو ابھارنے کیلیے اپنا کردار ادا کریں گے۔