ممبئی: بالی وڈ کی نامور اداکارہ جیکلین فرنانڈز کو 200 کروڑ منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار سکیش چندرا شیکھر نے جیل سے قیمتی تحفہ اور محبت بھرا خط بھیج کر اپنی محبت کا اظہار کر دیا۔
جیکلین فرنانڈز ملزم کی قریبی دوست ہونے کی وجہ سے منی لانڈرنگ کیس میں شاملِ تفتیش ہیں اور کئی بار عدالت میں اپنی بے گناہی ثابت کرنے کے لیے پیش ہو چکی ہیں۔
سکیش چندرا شیکھر کی جانب سے چوتھی بار خط بھیجا گیا جو ان کے وکیل اننت ملک نے اداکارہ تک پہنچا دیا۔ خط میں لکھا ہے کہ ’سالگرہ کی بہت بہت مبارکباد۔ آپ کی سالگرہ میری زندگی میں ہر سال کا سب سے خوشی کا دن ہے۔ درحقیقت اس کا مطلب میرے لیے میری اپنی سالگرہ سے زیادہ ہے۔ آپ ہر گزرتے دن کے ساتھ اور بھی خوبصورت اور جوان ہوتی جا رہی ہیں۔ میں آپ کو بہت یاد کر رہا ہوں جس کا آپ کو بالکل بھی اندازہ نہین ہے۔‘
متعلقہ: نورا فتیحی کمرہ عدالت میں جیکلین فرنانڈز پر پھٹ پڑیں
’مجھے آپ کی سالگرہ پر جشن منانا اور کیک کاٹنا بہت یاد آتا ہے۔ امید کرتا ہوں کہ آپ کو میرا سالگرہ کا تحفہ پسند آئے گا، میں سمجھتا ہوں کہ سونے اور ہیرے کی کوئی چیز آپ کو زیادہ خوشی نہیں دے سکتی۔‘
ملزم نے ایک کاغذ پر جیکلین فرنانڈز کی تصویر اور دوسرے پر سالگرہ کا کیک بنا کر بھیجا ہے۔ ساتھ ہی اس نے لکھا کہ اگلے سال ہم ایک ساتھ سالگرہ کا جشن منائیں گے جس کا میں وعدہ کرتا ہوں، کسی بھی چیز کیلیے پریشان مت ہونا میں ہمیشہ آہ کے ساتھ ہوں۔
جیکلین فرنانڈز کئی مرتبہ سکیش چندرا شیکھر کے ساتھ قریبی تعلقات کی تردید کر چکی ہیں تاہم ملزم کے ساتھ اداکارہ کی متعدد تصاویر اس بات کا ثبوت ہے کہ دونوں اچھی دوست ہیں۔