"نواز شریف کی واپسی بہت جلد ہوگی، سیاست میں کلیدی کردار ادا کریں گے”

رانا ثنااللہ

اسلام آباد: سابق وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی واپسی بہت جلد ہوگی اور ملکی سیاست میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری اپنے بیان میں خواجہ آصف نے کہا کہ بعض معتبر کالم نویس اور اینکرز لکھ رہے ہیں کہ نواز شریف سپریم کورٹ فیصلے سے متاثر ہوں گے۔

خواجہ آصف نے کہا کہ ان حضرات سے عرض ہے کہ نواز شریف کی نااہلی کی 5 سالہ مدت ختم ہو چکی، حالیہ قانون سازی کو رجوع کرنے کی ضرورت ہے جس میں نااہلی 5 سال تک محدود کر دی۔

انہوں نے کہا کہ رب العزت کی مہربانی سے ماضی کی تمام زیادتیوں کا ازالہ ہوگا۔

اس سے قبل خواجہ آصف نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام "آف دی ریکارڈ” میں گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ نواز شریف کو چیئرمین پی ٹی آئی نے نہیں بلکہ اُس وقت کی اسٹیبلشمنٹ نے ملک سے باہر بھیجا تھا۔

"نواز شریف کو ہٹانے اور دوسرے کو لانے میں ملک کو بہت نقصان ہوا۔ 2021 میں چیئرمین پی ٹی آئی کیلیے ایک جملہ استعمال کیا گیا تھا کہ بس بہت ہوگیا۔ یہ بھی کہا گیا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے ساتھ کبھی گزارا نہیں ہو سکتا۔”

ان کا کہنا تھا کہ اپریل 2019 کے بعد وہ ان سے بیزار تھے، اس وقت حکومت تبدیلی کی آفر بھی کی گئی جس سے انکار کیا، 2019 کا میں خود گواہ ہوں، 2021 یا 2022 کا کوئی اور ساتھی گواہ ہوگا، چیئرمین پی ٹی آئی شاید اتنے ناراض نہ تھے جتنے خود اسٹیبلشمنٹ والے ناراض تھے۔