کوئٹہ: گورنر بلوچستان ملک عبدالوی کاکڑ نے بلوچستان اسمبلی تحلیل کردی۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق گورنر بلوچستان نے اسمبلی تحلیل کی ایڈوائس پر دستخط کردیے جس کے بعد بلوچستان اسمبلی تحلیل ہوگئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے گورنر کو اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری بھیجی تھی۔ بلوچستان اسمبلی کی تحلیل کے ساتھ کابینہ بھی ختم ہوگئی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان اپوزیشن لیڈر سے نگراں سیٹ اپ پر مشاورت کریں گے، نگراں وزیراعلیٰ کے تقرر تک عبدالقدوس بزنجو وزیراعلیٰ رہیں گے۔
اس سے قبل گذشتہ شب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی ایڈوائزری منظورکرتے ہوئے گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے سندھ اسمبلی تحلیل کر دی تھی۔
گورنر سندھ کامران ٹیسوری کا کہنا ہے کہ انہوں نے وزیراعلیٰ سید مراد علی شاہ کی ایڈوائس پر صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔
انہوں نے گذشتہ شب اپنے ایکس اکاؤنٹ(سابقہ ٹوئٹر) پر لکھا کہ ’سندھ کی صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری پر دستخط کر دیے ہیں۔‘